آصف زرداری کا طاہر القادری کی حکومت مخالف تحریک میں شمولیت کا فیصلہ
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ڈاکٹر طاہر القادری کے احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو كرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ 17 جنوری کو طاہر القادری کے احتجاج میں پیپلز پارٹی بھرپور شركت كرے گی، پنجاب كے حكمرانوں كو عہدہ چھوڑنے پر مجبور كریں گے، جسٹس باقر نجفی كی رپورٹ كی روشنی میں ذمہ داروں كو سزا كا مطالبہ كریں گے جب کہ آصف زرداری اور عمران خان ایک ہی كنٹینر پر ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم آئین اور قانون كو ماننے والے لوگ ہیں، یہ لاتوں كے بھوت ہیں باتوں سے ماننے والے نہیں، 16 جنوری كو اجلاس ہوگا جس میں آئندہ كا لائحہ عمل طے كریں گے، یہ احتجاج كسی سیاسی ایجنڈے كے لیے نہیں ہے اگر طاقت كے استعمال كی كوشش كی گئی تو پیپلز پارٹی جواب دینا جانتی ہے، ہم نہ ڈرنے والے ہیں نہ جھكنے والے، ہمار ا احتجاج پرامن ہوگا، پیپلز پارٹی نے جب بھی احتجاج كیا جمہوریت كی مضبوطی كے لیے كیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شیخ مجیب الرحمان كو محب وطن قرار دے رہے ہیں اس بات سے ان کی سیاست كا اندازہ لگا لیں۔