طاہرالقادری کے احتجاج کیخلاف درخواست کی سماعت کیلیے لاہور ہائیکورٹ کا نیا بنچ تشکیل
لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصورعلی شاہ نے مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج کو رکوانے کی درخواست کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دے دیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے لیے تحریک قصاص کے تحت 17 جنوری کو لاہور کے مال روڈ پراحتجاجی جلسہ کررہی ہیں، جلسے کے لیے لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تاحال اجازت نہیں دی جب کہ اس کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی زیر سماعت ہے۔
احتجاجی جلسہ رکوانے کے لیے دائر درخواست کی سماعت پہلے جسٹس فرخ عرفان کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بنچ کو کرنا تھی تاہم جسٹس فرخ عرفان کی جانب سے ذاتی وجوہات کی بنا پر معذرت کرلینے کےبعد بنچ ٹوٹ گیا۔ نئے بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے پاس گیا تو جسٹس منصورعلی شاہ نے فوری طور پر نیا بنچ تشکیل دے دیا، نئے بنچ میں جسٹس فرخ عرفان کی جگہ جسٹس امین الدین شامل کئے گئے ہیں۔ جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شاہد کریم اور جسٹس امین الدین پر مشتمل بنچ اب کیس کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ غلام یاسین نامی شخص نے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں 17 جنوری کے احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اپنایا گیا ہےکہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کے خلاف دھرنے کا اعلان غیر آئینی ہے۔ اس احتجاج سے ملک میں سیاسی انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لئے عدالت عالیہ سیاسی جماعتوں کو احتجاج سے روکنے کا حکم دے۔