بھارت اور اسرائیل کے درمیان 9 معاہدوں پر دستخط
نئی دلی: بھارت اور اسرائیل کے درمیان سائبر سیکیورٹی، سائنس و ٹیکنا لوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس سمیت 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔دوروز قبل اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو 130 رکنی وفد کے ہمراہ 6 روزہ دورے پر بھارت پہنچے۔ بنجمن نیتن یاہوکے دورہ بھارت کو تاریخی دورہ قرار دیا جارہا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دفاع کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ دورے میں ان دونوں ممالک کے درمیان سائبر سیکیورٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس، سولر تھرمل انرجی، خلائی ٹیکنالوجی اور ہومیوپیتھک ادویہ سازی کے 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔اسرائیلی وزیر اعظم اپنے حالیہ دورے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کا دورہ بھی کریں گے، وہ اس کے علاوہ ممبئی، حیدرآباد دکن اور آگرہ بھی جائیں گے۔واضح رہے کہ یہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا پہلا دورہ بھارت ہے، اس سے قبل گزشتہ برس نریندر مودی نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔