ورکنگ باونڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، دو خواتین شہید، پانچ زخمی
راولپنڈی: بھارتی فورسز پر جنگی جنون سوار، ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ سے دو خواتین شہید اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق، بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ چھپرار سیکٹر کے گاوں کنڈان پور میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو خواتین شہید ہوگئیں۔
بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے تین خواتین سمیت پانچ افراد بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، پنجاب رینجرز نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور ان بھارتی چک پوسٹ کو تباہ کردیا جہاں سے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ رواں سال بھارتی فورسز کی جانب سے ابتک سو سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔ جس پر پاکستان متعدد بار احتجاج بھی کرچکا ہے۔