بی ایل ایف نے میڈیا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا
خاران: کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے 24 اکتوبر سے جاری میڈیا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ تنظیم کے ترجمان گہرام بلوچ کے اعلان کے مطابق بلوچستان سے تعصب کی وجہ سے 24 اکتوبر 2017ء سے بی ایل ایف نے میڈیا بائیکاٹ پر عملدرآمد شروع کیا، جس کا مقصد ریاستی دباؤ اور تعصبات میں دبے میڈیا کو اس ریاستی دباؤ سے نکلنے اور اپنا آزاد و غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے میں مدد دینا تھا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ یقینی طور پر ہماری یہ کاوش ایک جانب میڈیا کے اس حصے کے لئے معاون ثابت ہوئی، جو ریاستی دباؤ اور تعصبات سے بالاتر ہو کر اپنا آزادانہ کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ہماری یہ کوشش ریاست اور میڈیا کے ایک بڑے حصہ کی ملی بھگت اور بلوچ قوم کے خلاف تعصب کو بھی بڑی حد تک بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اس لئے آج سے بی ایل ایف میڈیا بائیکاٹ کی اپنی مہم کو ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ میڈیا بائیکات مہم میں بی ایل اے نے ہماری حمایت کا اعلان کیا تھا، جس کے لئے ہم بی ایل اے اور بلوچ عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔