انٹرٹینمنٹ

بالی ووڈ کے تینوں خانز کا اسرائیلی وزیراعظم سے ملنے سے انکار

ممبئی: بالی ووڈ کے تینوں خانز نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملنے سے انکار کردیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حال ہی میں بھارت کا دورہ کیا جہاں مودی سرکارکی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا، نیتن یاہو کو بھارت کے کئی شہروں کا دورہ کرایا گیا اور مسلمان مخالف نیتن یاہو نے مسلمانوں کے ہاتھ کا بنا ہوا تاج محل بھی دیکھا اور اُس کے سامنے بیٹھ کر تصویر بھی بنائی۔

دورے کے آخری روز ’بالی ووڈ شلوم‘ کے نام سے تقریب منعقد کی گئی جہاں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور کئی نامور اداکاراؤں سمیت معروف ہدایت کاروں نے بھی شرکت کی جب کہ امیتابھ بچن تو اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کرنے پر اتنے خوش تھے کہ ان کے ساتھ سیلفی بھی بنائی لیکن بالی ووڈ  کے خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملنے سے انکار کردیا۔

در حقیقت تینوں خانز کی اسرائیلی وزیراعظم سے نہ ملنے کی بنیادی وجہ مذہب نہیں بلکہ انسانیت ہے کیوں کہ وہ لوگ ایسے شخص سے نہیں ملنا چاہتے تھے جوکہ ایک جنگی مجرم ہے جس کے ہاتھ معصوم فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تینوں خانز کے اس اقدام کو کافی سراہا بھی گیا اور سب نے اپنی رائے سے مختلف انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔ اہلُل بیت نے تینوں خانز کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ تینوں خانز کااسرائیلی وزیراعظم سے ملنے سے انکار کی وجہ وزیر اعظم کا یہودی ہونا نہیں بلکہ اسرائیل کا فلسطینیوں  پر ظلم و زیادتی کرنا ہے۔ تنویر کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ کوئی اسرائیل کے سامنے کھڑا ہو۔

اسرائیل کے ثقافتی اور علمی بائیکاٹ کی فلسطینی مہم کے آفیشل ٹویٹراکاؤنٹ سے کہا گیا کہ بالی ووڈ ہمیں آپ کی فلموں سے محبت ہے اور وہ فلسطین میں بہت مقبول ہیں، برائے مہربانی (ان فلموں کو) اسرائیل کو ہماری جدوجہدِ آزادی کو نیچا دکھانے کے لیے استعمال نہ کرنے دیں، کیوں کہ ہم انصاف، آزادی اور برابری کے لیے کام کررہے ہیں جب کہ زندگی گزارنے کی دو راہیں ہیں، اول یہ کہ جو ہورہا ہے اس کے ساتھ رہا جائے یا پھر اسے بدلنے کی ذمے داری اٹھائی جائے۔

بالی ووڈ اداکار اعجاز خان نے اپنی ویڈیو میں امیتابھ بچن اور دیگر فلمی دنیا کی اہم شخصیات کو نیتن یاہو کے ساتھ سیلفی بنانے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم سے ملنے سے انکار پر بھارتی میڈیا نے تینوں خانز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پروپیگنڈا کرنا شروع کردیا کہ خانز نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملنے سے اس لئے انکار کیا کیوں کہ وہ یہودی ہیں اور اُن کا یہ اقدام ملک کے خلاف ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close