اسلام آباد

اسحاق ڈارکے فلاحی اداروں کے بینک اکاؤنٹس فعال کرنے کا حکم

اسلام آباد: احتساب عدالت نے اسحاق ڈارکے زیرانتظام فلاحی اداروں کے اکاؤنٹس فعال کرنے کا حکم دے دیا۔ پاکستان ویوزکے مطابق اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکے زیرسرپرستی چلنے والے فلاحی اداروں ہجویری ٹرسٹ اورہجویری فاؤنڈیشن کے اکاوٴنٹس کھولنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اسحاق ڈارکی طرف سے ان کے وکیل قاضی مصباح الحسن پیش ہوئے۔

اسحاق ڈارکے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ہجویری فاؤنڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلارہا ہے، ہجویری فاؤنڈیشن 5 سے 6 کروڑروپے مختلف اسپتالوں کو ڈائیلاسز کے لئے دے رہا ہے، ہجویری فاؤنڈیشن ہی ہجویری ٹرسٹ کو فنڈز دے رہا ہے، ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جس میں سیکڑوں بچے زیر کفالت ہیں، ٹرسٹ کا پیسہ کوئی غلط استعمال کیسے کرسکتا ہے، ہم نے 3 سال کے اخراجات کے حوالے سے دستاویزات جمع کرادی ہیں۔

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹرعمران شفیق نے جواب میں موقف اختیار کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بچوں کی کفالت رک جائے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ فلاحی ادارے کا غلط استعمال کیا گیا، ادارہ اچھے مقصد کیلئے بنا لیکن غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں اداروں کے اکاؤنٹس فعال کرنے کا حکم دے دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close