پاکستان کے ساتھ تعلقات دوستی سے بڑھ کر ہیں، انڈونیشین صدر
انڈونیشین صدر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے انڈونیشیا کی آزادی کی حمایت کی تھی جب کہ پاکستان کی طرح انڈونیشیا بھی عالمی امن کے لیے پرعزم ہے۔
صدر جوکو وڈوڈو کا کہنا تھا کہ ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارہ ہمارا نصب العین ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات دوستی اور ہم آہنگی سے بڑھ کر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح انڈونیشیا بھی فلسطین کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور ہم آسیان فورم کے ذریعے خطے کی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو کے خطاب سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مجلس شوریٰ، پارلیمنٹ اور پاکستان کی طرف سے مہمان صدر کے لیے خیر مقدمی کلمات کہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آپ کا دورہ اور پارلیمنٹ سے خطاب ہمارے لیے انتہائی تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہ ایوان دنیا کی سب سے بڑی مسلمان آبادی والے ملک کے منتخب صدر کی موجودگی پر شاداں ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ 20 کروڑعوام کے نمائندے کی حیثیت سے پارلیمنٹ آپ کی موجودگی پر فخرکرتی ہے، دونوں اقوام گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی لڑی میں پروئی ہوئی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہی جنوبی ایشیا میں تنازعات کا بنیادی سبب رہا ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا منصفانہ، پُرامن حل درکار ہے۔
قبل ازیں انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈوڈو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو صدر ممنون حسین نے ان کا استقبال کیا۔ مہمان صدر کے ساتھ انڈونیشیا میں قید کاٹنے والےکینسر کے مریض ذوالفقار کا معاملہ اٹھائے جانے کا بھی امکان ہے۔