دنیا

ٹرمپ سے مشابہ ہونیکے باوجود طالبان عمران خان کو پاکستانی لیڈر بنانا چاہتے ہیں، برطانوی جریدہ

لندن: ایک برطانوی جریدے نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا انٹرویو اور ان کی شخصیت کا تجزیہ شائع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان عمران خان کو پاکستان کا اگلا لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔ دی سنڈے ٹائمز کے مطابق عمران خان ٹرمپ کی طرح بوڑھے ہیں اور ٹرمپ کی طرح اپنے بالوں کی بہت فکر کرتے ہیں اور ٹرمپ ہی کی طرح ان پر جنسی ہراسانی کا الزام بھی لگ چکا ہے۔ انٹرویو نگار بین جوڈاہ نے لکھا ہے کہ عمران خان جو ڈیلی مرر کے لیے مختصر لباس میں جلوہ گر ہو چکے ہیں، اب ایک ایسے شخص کے روپ میں سامنے آئے ہیں جنہیں طالبان پاکستان کا اگلا لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ لوگ مجھ پر ہنسا کرتے تھے لیکن مجھے ہمیشہ سے پتا تھا کہ میں جیت جاؤں گا۔ انٹرویو نگار بین جوڈاہ نے لکھا کہ انہیں عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ لگے۔ عائشہ گلالئی کے الزام کے حوالے سے عمران خان سے بات کی گئی تو وہ اپنے ہاتھ میں پکڑی تسبیح کے دانے اور تیزی سے گھمانے لگے۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے ان پر الزام لگانے کے لیے پیسے لیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ سے نکل جانا چاہیے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ٹرمپ بہت بورنگ شخص ہیں، ان میں روحانیت بالکل نہیں ہے، جب کہ میں اگر روحانیت کی طرف راغب نہ ہوتا تو سیاست میں ہی نہ آتا۔

عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں چائنا ماڈل لا کر غربت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں لیکن جب پوچھا گیا کہ یہ کیسے ہو گا تو وہ کچھ نہیں بتا سکے۔ اس معاملے پر تحریک انصاف کے نائب صدر اسد عمر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اسٹریٹجی کے معاملات کا علم نہیں۔ اخبار کے مطابق اسلام آباد کے قریب ان کی قیام گاہ جیمز بونڈ کی فلموں کے ولن کی قیام گاہوں سے مشابہ ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ معروف آدمی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ وہ بچپن میں خود کو بدصورت آدمی سمجھتے تھے لیکن کامیابی بدصورت آدمی کو بھی خوب صورت بنا دیتی ہے۔ اخبار کے مطابق عمران خان نے زمان پارک لاہور میں اپنے والد کا مکان مسمار کر دیا ہے۔ ان کے والد 2008 میں فوت ہوئے۔ ان کے والد کی ان کی والدہ سے بات چیت بند تھی۔ عمران خان نے اپنے والد کو شوکت خانم اسپتال کے بورڈ سے بھی نکال دیا تھا۔ ان کے خاندان کے افراد نے اخبار کو بتایا کہ عمران خان اور ان کے والد کے درمیان بات چیت بند تھی۔ انہوں نے خود بھی کہا کہ ان کے اپنے والد سے تعلقات بہت رسمی سے تھی۔ اخبار کے مطابق اپنی پیرنی بشریٰ مانیکا سے شادی کے فیصلے نے عمران خان کے چلانے والوں کو پریشان کر دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close