کشمیر پالیسی سینوں میں محفوظ اور اس معاملے پہ پورا پاکستان متحد ہے، شاہد خاقان عباسی
مظفرآباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیر پالیسی ہمارے سینوں میں محفوظ ہے اور اس معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے۔ مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمان بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں، بھارت نے ہر حربہ آزمالیا لیکن کشمیریوں کا بچہ بچہ آزادی کی شمع لے کر آگے بڑھ رہا ہے، کشمیر کے مسئلے پر کبھی دو رائے نہیں رہی، کشمیر کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے، پاکستان کے عوام کشمیر کے مسئلے پر متحد اور کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ سیاسی معاملات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر ہمیں متحد رہنا چاہیے، اس معاملے پر ہم تقسیم ہوئے تو اس سے نقصان ہوگا، متحد ہونے سے کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج اور کشمیری بہن بھائی ایل او سی پر قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاک فوج نے تاریخ کی انسداد دہشت گردی کی سب سے بڑی جنگ لڑی ،پاک فوج کے 2لاکھ جوان یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں ہم نے فتح حاصل کی، پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر کے لیے ہم 70 سال سے جنگ لڑرہے ہیں، ہم سیاسی، سفارتی اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کشمیر پالیسی ہمارے سینوں میں محفوظ ہے، اہل پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، نوازشریف کشمیری ہیں، اس خطے سے متعلق ان کی سوچ میں کوئی کمی نہیں، مظفر آباد میر پور سڑک منصوبہ سی پیک میں نواز شریف کی دلچسپی سے شامل ہوا۔ حکومت نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا ہے۔