پاک افغان سرحد پہ خاردار تار لگانے کا متفقہ فیصلہ
چمن: چمن کے ایف سی فورٹ میں منعقدہ گرینڈ جرگے میں پاک افغان بارڈر پر خاردار تار لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ باب دوستی پر بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جاچکا ہے۔پاک افغان سرحد پر باڑ اور دیگر امور سے متعلق قبائل اور سیکیورٹی حکام کے مابین گرینڈ جرگہ ہوا جس میں کمانڈر ایف سی نارتھ سیکٹر بریگیڈیئر ندیم سہیل اور کمانڈنٹ کرنل عثمان ،ڈی سی سیف کھیتران ڈی پی او جاوید غرشین اور عمائدین شریک ہوئے ۔بریگیڈیئرندیم نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاک افغان بارڈر پر خاردار تار لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبرپختونخوا میں فینسنگ جاری ہے۔بلوچستان میں بھی جلد شروع کر دی جائے گی۔ بارڈرفینسنگ پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، اس سے سرحدی تجارت متاثر نہیں ہوگی۔بریگیڈیئر ندیم کا کہنا تھا کہ باب دوستی پر بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جاچکا ہے، سسٹم سے آنے جانے والے لوگوں کی مکمل انٹری ہوتی ہے۔28 فروری کے بعد افغان دستاویز تسکیرہ کی بھی رجسٹری ہوگی،جس کے بعد افغانی باشندے تسکیرہ پر صرف ضلع قلعہ عبداللہ کی حدود میں آسکیں گے۔باب دوستی پر افغانستان جانے والے پاکستانیوں کو خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا۔