خیبر پختونخواہ

جے یو آئی (ف) کا مشال قتل کیس سے بری ہونیوالے افراد کا استقبال اور فیصلے خلاف احتجاج

مردان: مردان موٹروے انٹرچینج پر جمعیت علما اسلام (ف) کے کارکنوں نے مشال خان قتل کیس کے عدالتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مقتول مشال خان کے خلاف نعرے بازی کی اور فیصلے کو سپریم کورٹ لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔ مردان انٹرچینج پر موجود مظاہرین نے مشال خان کے خلاف نعرے بازی کے علاوہ اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں لیکر جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے کارکن کا کہنا تھا کہ وہ یہاں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے رہائی پانے والے 26 ہیروز کے استقبال کیلئے موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہری پور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد رہائی پانے والے 6 افراد مردان پہنچے جہاں سے 2 افراد سوات چلے گئے، جبکہ دیگر افراد ابھی نہیں پہنچے تاہم ایک رہا ہونے والے ایک فرد کا پرجوش استقبال کیا گیا اور انہیں پھول پہنائے گئے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے صوبائی سیکریٹری مولانا شجاع الملک کا مشال خان قتل کے فیصلے کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ معاملہ یہاں پر ختم نہیں ہوگا، جبکہ انہوں نے فیصلے کی حمایت پر صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ جے یو آئی (ف) کے ایک اور صوبائی رہنما نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عدالت کی جانب سے سزا پانے والوں کو رہا نہیں کیا تو جے یو آئی (ف) احتجاج کریگی اور پارٹی خاموش نہیں رہے گی۔ واضح رہے کہ ہری پور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کیس کے فیصلے میں ایک مجرم کو سزائے موت، 5 مجرموں کو 25 سال قید اور 25 مجرموں کو 3 سال قید جبکہ 26 افراد کو بری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ ہری پور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج فضل سبحان نے کیس کا فیصلہ سنایا تھا جہاں اس موقع پر عدالت کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close