ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی دھرنا
ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں آئے روز شیعہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ اور نوجوانوں کو لاپتہ کرنے کے خلاف کوٹلی امام حسین کے سامنے ڈیرہ بنوں روڈ پر دھرنا جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ مسلمانوں کی مسلسل نسل کشی کے خلاف آج بعد نماز جمعہ احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
دھیان رہے کہ صرف 24 گھنٹے میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 محنت کشوں کو انکی جائے رزق پر شہید کردیا تھا جن کا تعلق شیعہ برادری سے تھا، دوسری جانب کے پی کے پولیس قاتلوں کو گرفتارکر نے میں مکمل ناکام ہے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ اس ضمن میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے شیعہ نسل کشی پر جو خاموشی اختیار کررکھی ہے وہ ہمارے لئے ناقابل قبول ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں ملت جعفریہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔