نواز شریف نیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے
لاہور: نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج طلب کیا تھا جہاں العزیزیہ کیس میں ضمنی ریفرنس کیلیے ان کابیان ریکارڈ کیا جانا تھا لیکن نوازشریف آج نیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کو آج نیب راولپنڈی کی عدالت میں پیش ہونا تھا لیکن وہ اسلام آباد روانہ نہیں ہوئے جس کے باعث وہ آج نیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم اب وہ 13 فروری کو نیب عدالت میں پیش ہوں گے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز تیارہورہے ہیں جب کہ ضمنی ریفرنسزڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی زیرنگرانی تیارکیےجارہے ہیں، نئےضمنی ریفرنس میں بیرون ملک سےحاصل دستاویزات شامل کی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی نے العزیزیہ کیس میں ضمنی ریفرنس آئندہ ہفتے احتساب عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ ضمنی ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا بیان ریکارڈ کروایا جائے گا اور اس بیان کو ضمنی ریفرنس کاحصہ بنایا جائے گا جس کے لیے نیب راولپنڈی نے نوازشریف کو آج طلب کیا تھا۔دوسری جناب چیئرمین نیب نے 8 فروری کو پنجاب حکومت کے ریکارڈ فراہم نہ کرنے کا نوٹس لے لیا اور پنجاب بیوروکریسی سے ریکارڈ کی عدم فراہمی کو قانون کی خلاف ورزی قراردیا۔ ترجمان نیب کے مطابق نیب پنجاب میں قائم 56 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کے قیام کی انکوائری کررہا ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کومختلف اداروں کے ریکارڈ کے لیے 4 خطوط لکھے گئے اور نیب نے تمام ذرائع استعمال کیے مگر ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ادھر ترجمان پنجاب حکومت نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے تعاون نہ کرنے کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں، پنجاب کے تمام ادارے اور محکمے نیب سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔