انٹرٹینمنٹ

بے مثال اداکار قاضی واجد انتقال کرگئے

کراچی: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا ایک عہد ختم ہوگیا، بے مثال اداکار قاضی واجد 87 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ قاضی واجد کی گزشتہ روز طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں اسپتال حکام کا کہنا تھا کہ انہیں تیز بخار اور سینے میں تکلیف کی شکایت تھی۔

ضروری علاج کے بعد انہیں گھر منتقل کیا گیا لیکن آج صبح دوبارہ طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لایا جارہا تھا کہ راستے میں ہی وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

قاضی واجد نے سوگواران میں بیوہ اور ایک بیٹی فضیلہ قیصر کو چھوڑا ہے۔

مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق قاضی واجد کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی اور انہیں عیسی نگری قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔

قاضی واجد 1930 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے فنی کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور 25 برس تک اس سے منسلک رہے۔

خدا کی بستی، حوا کی بیٹی، تنہائیاں، پل دو پل اور تعلیم بالغاں جسیے ڈراموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے قاضی واجد نے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

قاضی واجد نے مزاحیہ کردار سے لے کر سنجیدہ کردار میں جاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات کے ساتھ کام کیا جن میں معین اختر، جاوید شیخ، راحت کاظم، قوی اور دیگر شامل ہیں۔

انہیں اردو ادب سے بے حد لگاؤ تھا اور اکثر قاضی واجد اردو ادب کی محفلوں میں شرکت کیا کرتے تھے۔

انہیں مقبول فنکاری کی وجہ سےحکومت پاکستان نے 14 اگست 1988ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close