اسلام آباد

10 دن بعد مطالبات منظور، پختون تحفظ موومنٹ کا دھرنا ختم کرنیکا اعلان

اسلام آباد:پختون تحفظ موومنٹ نے اسلام آباد میں 10 دنوں سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے مطالبات منظور کئے جانے کے بعد اسلام آباد میں پختون تحفظ موومنٹ کے زیرِ اہتمام گذشتہ 10 دنوں سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر اور (ن) لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی دھرنا میں شرکت اور شرکاء سے خطاب کے بعد منتظمین کی جانب سے دھرنا ختتم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ امیر مقام نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مظاہرین کے مطالبے پر ان کے پانچوں مطالبات تحریری شکل میں تسلیم کئے ہیں۔ بھارت اور افغانستان جیسے ہمسایہ ممالک میں ان کے احتجاج کو غلط رنگ دیا جارہا ہے جو مظاہرین کے حق میں بہتر ہے نہ ہی ریاست کے۔ خیال رہے کہ مظاہرین کے 5 مطالبات میں راؤ انوار کو پھانسی کی سزا، کراچی سمیت ملک بھر میں نقیب اللہ کی طرح کے ماورائے عدالت قتل کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن کا قیام، زیرِ حراست پختونوں کی عدالتوں میں پیشی، فاٹا خصوصاََ وزیرستان میں کرفیو نفاذ کا سلسلہ بند کروانا اور وزیرستان سے بارودی سرنگوں کا صفایا شامل ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ نہ صرف ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے بلکہ وزیرستان میں نقیب اللہ کے نام سے منسوب ایک کالج تعمیر کیا جائے گا اور بارودی سرنگوں کے متاثرین کو معاوضے بھی دیئے جائیں گے۔ بعدازاں پختون تحفظ مومنٹ کی قیادت نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ماہ کے اندر اندر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو ایک بار پھر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close