سانحہ بلدیہ ٹاؤن، رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت سینٹرل جیل میں واقع انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، سماعت کے موقع پر مقدمے میں گرفتار ملزم عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر چریا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضمانت پر رہا ملزم ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی و دیگر بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان پر 6 سال بعد فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے 17 فروری کو استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا جب کہ عدالت نے کیس میں مفرور ملزم علی حسن قادری کو اشتہاری قرار دے دیا۔ خیال رہے کہ 11 ستمبر 2012ء کو بلدیہ ٹاؤن میں واقع گارمنٹ فیکٹری علی انٹر پرائزز میں آتشزدگی کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کا مقدمہ تھانہ سائٹ اے میں درج کیا گیا تھا۔