اسلام آباد

بھارت اپنے ملک میں خود ہی تخریبکاری کرکے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ کسی بھی واقعے کے بعد پاکستان پر الزام لگانا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، ماضی میں بھی بھارت خود اپنے ملک میں تخریب کاری کی کارروائیاں کرکے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہراتا رہا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کیمپ سنجوان پر حملے کے بھارتی پولیس اور دفاعی حکام کے الزامات مسترد کرتے ہیں۔ تحقیقات کے بغیر الزام لگانا افسوس ناک اور غیرذمہ دارانہ ہے، اس طرح کے الزامات تناؤ میں بڑھاوے کا موجب بنتے ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی واقعے کے بعد پاکستان پر الزامات لگا دینا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، ماضی میں بھی بھارت خود اپنے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کروا کرپاکستان کو موردِ الزام ٹھہراتا رہا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیرِ خارجہ خواجہ آصف تیونسی ہم منصب کی دعوت پر تیونس کا دورہ کر رہے ہیں، جس کا مقصد باہمی تعلقات کا فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔ روس میں طیارہ حادثے کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے پر دلی افسوس ہے، پاکستانی حکومت اور عوام روسی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close