دھرنوں کی سکیورٹی پر ایک ارب 14 کروڑ 58 لاکھ روپے خرچ ہوئے : احسن اقبال
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے دھرنوں کی سکیورٹی پر ایک ارب 14 کروڑ 58 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد پولیس کے 5 سالہ سکیورٹی انتظامات اور دھرنوں کے اخراجات کی تفصیل سینیٹ میں پیش کی۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران اسلام آباد پولیس پر ایک ارب 14 کروڑ 58 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔ جنوری 2013 میں تحریک منہاج القران کا دھرنا ہوا تھا اور اس کی سکیورٹی پر 3 کروڑ 32 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔ اگست سے دسمبر 2014 تک پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے دھرنے ہوئے جن پر 75 کروڑ 59 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ دھرنے نہ ہونے کی وجہ سے 2015 کے دوران اسلام آبادمیں سکیورٹی پر کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوا۔جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ نومبر 2016 میں تحریک انصاف کالاک ڈاؤن ہوا جس کی سکیورٹی پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ 2017 کے دوران بھی 2 دھرنوں کی سکیورٹی پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے، صرف فیض آباد دھرنے کی سکیورٹی پر 13 کروڑ 38 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔