سمندر پار پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ سے تجاوز
اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی تعداد 1 کروڑ 10لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق بیورو آف امیگریشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 17-2016 میں سمندر پار پاکستانیوں نے 19 ارب 35 کروڑ ڈالر زرمبادلہ ملک میں بھیجا، دستاویز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سال 16-2015 میں 19 ارب 91 کروڑ 61 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک بھیجا تھا جب کہ گزشتہ سال سمندرپار پاکستانیوں کے زرمبادلہ میں 62 ارب 18 کروڑ روپے کی کمی آئی۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستانیوں کو ورک ویزوں کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا رہا اور بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے ورک ویزوں کے اجراء میں تشویشناک حد تک کمی آگئی، مشرق وسطی کے حالات، یمن اور سعودی عرب میں جنگ ویزوں کے اجراء میں کمی کی بڑی وجہ بنی۔دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2017 میں پاکستانیوں کو ساڑھے تین لاکھ کم ویزے جاری کیے گئے، غیر یقینی صورتحال اور ویزوں کے اجرا میں کمی سے زرمبادلہ پر بھی منفی اثر پڑا جب کہ سب سے زیادہ ویزوں میں کمی سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے کی گئی، گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستانیوں کو 3لاکھ 19 ہزار اور یو اے ای نے 20 ہزار کم ویزے جاری کیے، گزشتہ پانچ سال کے دوران ساڑھے 36 لاکھ پاکستانی ملازمت کے لیے بیرون ملک گئے۔بیورو آف امیگریشن کی دستاویز کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، یو اے ای میں 34 لاکھ 56 ہزار، اومان میں7لاکھ 40 ہزار پاکستانی موجود ہیں، بحرین میں پاکستانیوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار اور کویت میں 1 لاکھ 83 ہزار، قطر میں1 لاکھ 46ہزار، عراق میں 72 ہزار، برطانیہ میں 12 ہزار، امریکا میں 5 ہزار اور چین میں 3 ہزار 800 پاکستانی ہیں۔