لاہور میں پی ایس ایل میچز کی تیاریاں، گراؤنڈ میں نئی کرسیاں لگا دی گئیں
لاہور: پاکستان سپر لیگ کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو پلے آف میچز کے لئے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں میچز 20 اور 21 مارچ کو ہوں گے جس کی تیاریوں کے سلسلے میں رنگ و روغن کے بعد عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی جارہی ہیں۔
دونوں انکلوژر کی پرانی کرسیاں جنرل انکلوژرز میں لگا دی گئیں جس کے بعد تماشائی اب سیڑھیوں پر بیٹھنے کے بجائے کرسیوں پر بیٹھیں گے۔ چیئرمین چیمبر سے متصل 2 کمروں کی توسیع کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 22 فروری کو دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 23 فروری کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جب کہ لاہور قلندرز کا ٹاکرا اسی روز ملتان سلطانز سے ہوگا جب کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 24 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔