سری دیوی کے شوہر بیٹی کے ساتھ ممبئی واپس آنے کے بعد دوبارہ دبئی کیوں چلے گئے؟ انکشاف نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کی خبر منظرعام پر آئی تو ہر کسی کیلئے یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ وہ دبئی میں موہت مرواہ کی شادی کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں اور دبئی میں ہی ان کا انتقال بھی ہو گیا۔
کپور خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ موت کے وقت بونی کپور اپنی اہلیہ سری دیوی کے پاس موجود تھے اور یہ سب کچھ ایک حیران کن اتفاق ثابت ہوا۔ سری دیوی، سمیت کپور فیملی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے راس الخیمہ میں موجود تھی اور تقاریب ختم ہونے کے بعد بونی کپور اپنی بیٹی خوشی کپور کے ساتھ ممبئی واپس آ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بونی کپور اور خوشی سے ممبئی چلے گئے لیکن سری دیوی نے دبئی میں ہی اپنی بہن سری لاتھا کیساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔ اگر سب کچھ شیڈول کے مطابق ہوتا تو سری دیوی کے انتقال کے وقت بونی کپور ممبئی میں ہوتے لیکن بونی کپور اس سے پہلے ہی دبئی آ گئے۔
کپور فیملی کے قریبی ذرائع کے مطابق بونی کپور نے یہ سب کچھ سری دیوی کو سرپرائز دینے کیلئے کیا تھا لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ وہ اپنی اہلیہ سے آخری مرتبہ ملنے جا رہے ہیں جو حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر جائیں گی۔