سری دیوی کی آخری رسومات کہاں پہ ہونگی، کون کون شریک ہوگا،
بھارت کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی لاش آج دبئی سے بھارت پہنچنے کا امکان ہے جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ، ایسے میں ان کی آخری رسومات کے مقام اور شوبزسے وابستہ شخصیات سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آگئیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ساڑھے پانچ بجے تک سری دیوی کی موت کی فارنزک رپورٹ جاری ہوگی اور پھر ڈیتھ سرٹیفکیٹ ورثاء کے حوالے کردیاجائے گا، دبئی سے جسد خاکی لے کر خصوصی طیارہ کارگو ٹرمینل پرپہنچے گا اور اداکارہ کی آخری رسومات ممبئی کے علاقے جہو کے پون ہنس شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی ۔آخری رسومات شروع ہونے سے قبل شوبز سے وابستہ شخصیات، فیملی کے اراکین اور ان کے دوست احباب چہرہ دیکھیں گے اور خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ تقریبات کے بعد تعزیت کرنے والے انیل کپور کے گھر پہنچنا شروع ہوجائیں گے ۔یادرہے کہ سری دیوی دبئی میں بھتیجے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھیں جہاں ان کو دل کا دورہ پڑا جوجان لیواثابت ہوا ، دبئی میں قانونی کارروائی کی وجہ سے ان کے جسد خاکی کی بھارت منتقلی تاخیر کا شکار ہے تاہم لاش لینے کے لیے خصوصی طیارہ دبئی پہنچ چکا ہے اور ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ پیر کی شام سات بجے تک جسد خاکی ممبئی پہنچ سکتا ہے ۔