پی ایس ایل سے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملے گا، شین واٹسن
دبئی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل دنیا بھر میں کھیلی جانے والی لیگز کی طرح ہے جس میں نامور کھلاڑی شامل ہیں جن کے خلاف اور ان کے ساتھ کھیل کر پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کو مزید نکھرنے کا موقع ملے گا۔
شین واٹسن نے کہا کہ ایونٹ میں شامل کوئی ٹیم کمزور نہیں اور خاص بات یہ ہے کہ فاسٹ اور اسپن بولنگ کے ساتھ اچھی بیٹنگ کا امتزاج بھی اس ایونٹ کا حسن ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان سے فاسٹ بولر، کوالٹی اسپنرز اور زبردست بیٹسمین اس میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں کھلاڑیوں کو بہت محنت کرنا پڑرہی ہے جو کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور دیگر ممالک میں دیکھنے والوں کے لئے بھی اچھا ہے۔
پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی سے متعلق سوال پر شین واٹسن کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں زبردست کھلاڑی ہیں اور کوشش ہے کہ کوئٹہ اس بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فینز کیلئے ہوم گراونڈ سے دور رہنا کافی مشکل ہے اور پاکستان میں آہستہ آہستہ عالمی کرکٹ واپس آرہی ہے۔
پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ابھی پاکستان آنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا، میرا فیصلہ اکیلے کا نہیں ہوگا بلکہ اس میں پوری فیملی کی رائے شامل ہوگی۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں شین واٹسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی۔