پنجاب کی جنرل نشست سے پی ٹی آئی کے چوہدری سرور کامیاب
لاہور: پنجاب سے سینیٹ کی تمام نشستوں کے نتائج سامنے آگئے ہیں جس میں نون لیگ کو بڑے اَپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ نون لیگ کا کلین سویپ کرنے کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا ہے اور ایک سیٹ تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سے 11 سیٹیں نون لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں نے حاصل کیں جبکہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور پنجاب سے ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، چوہدری محمد سرور نے سخت مقابلے کے بعد پنجاب سے نشست جیتی ہے، انہوں نے مسلم نون کے مخالف امیدوار کے 40 ووٹوں کے مقابلے میں 44 ووٹ حاصل کئے۔
اپنی کامیابی کے غیرسرکاری نتیجے کے بعد چوہدری سرور کا تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور اللہ مجھے ہمت دے اور میں پاکستان کی عوام کی خدمت کر سکوں۔ واضح رہے کہ پنجاب کی7 جنرل نشتوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ہارون اختر خان، ڈاکٹر آصف کرمانی، ڈاکٹر مصدق ملک، سابق ڈی آئی جی رانا مقبول احمد خان، رانا محمود الحسن، محمد زبیر گل اور چوہدری محمد سرور شامل ہیں۔ پنجاب سے ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے مسلم لیگ نون کے حمایت یافتہ امیدواروں میں اسحاق ڈار اور ڈاکٹر حافظ عبد الکریم شامل ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی امیدواروں میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق شامل ہیں۔ اقلیتوں کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ نون کے حمایت یافتہ امیدوار کامران مائیکل کامیاب قرار پائے ہیں۔