آپ نے میرا وارنٹ جاری کرنا ہے تو کردیں،خواجہ حارث روسٹرم چھوڑکرچلے گئے
اسلام آباد: احتساب عدالت میں فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نیب پراسیکیوشن کے رویے پر روسٹرم چھوڑ کر چلے گئے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مقدمے کی سماعت کی۔استغاثہ کے گواہ عبدالحنان کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دیگربچ جانے والے گواہوں کے بیان آج قلمبند ہونے چاہئے ،عدالت نے یہ تاریخ خواجہ حارث کی مرضی سے مقررکی ہے ۔اس پر نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ یہ تاریخ آپ اور جج صاحب کے اصرار پرطے ہوئی۔اس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب ،آپ صحت مند لگ رہے ہیں ،جرح کریں،خواجہ حارث نے جواب دیاکہ میں ذہنی طورپر تیارنہیں ہوں۔نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نیب پراسیکیوشن کے رویے پرروسٹرم چھوڑکرچلے گئے،ان کا کہناتھا کہ آپ نے میرا وارنٹ جاری کرنا ہے توکردیں۔