سندھ
سندھ توڑنے کی بات کرنیوالے پاکستان توڑنا چاہتے ہیں : وزیراعلیٰ قائم علی شاہ
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرنے پر ایم کیو ایم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ توڑنے کی بات کرنے والے پاکستان توڑنا چاہتے ہیں، ملک کی وحدت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ہاکس بے میں یونس آباد پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ایم کیو ایم پر بادلوں کی طرح برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور پاکستان لازم وملزوم ہیں، سندھ توڑنے کی بات کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
ایک سوال پر وڈے سائیں نے کہا کہ پانی کی قلت سے آگاہ ہیں۔ متاثرہ علاقوں کو بارہ سو ٹینکرز پانی فراہم کیا جائے گا۔ پانی اور بجلی پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔ کراچی کی حالت زار پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہتر شہر بنانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔