دنیا

اردوگان محمد علی کی آخری تقریب میں شرکت کیے بغیر لوٹ گئے

ترکی کے وزیرِ اعظم نے جمعے کو عظیم باکسر محمد علی کی الوداعی عوامی تقریب میں شرکت نہیں کی اور وہ جمعرات کو ان کے جنازے میں شرکت کے بعد اپنا دورہ مختصر کر کے واپس وطن لوٹ گئے۔

جمعے کو محمد علی کو امریکی ریاست کینٹکی میں واقع ان کے آبائی شہر لوئی ول میں منعقدہ ایک تقریب میں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ اس سے پہلے جمعرات کو ان کی نماز جنازہ پڑھائی گئی تھی۔

اگرچہ ترکی کے ذرائع ابلاغ نے وزیر اعظم اردوگان کے امریکہ سے جلد لوٹ جانے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم ترکی زبان میں سی این این کی خبروں میں بتایاگیا کہ ترک وزیرِ اعظم محمد علی کی آخری تقریب میں ان کے تابوت پر خانہ کعبہ کے غلاف ایک ٹکڑا رکھنا چاہتے تھے لیکن انھیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم طیب ارودگان یہ بھی چاہتے تھے کہ آخری عوامی تقریب میں ترکی کے مذہبی امور کے ادارے کے سربراہ ان کی میت پر قران کی تلاوت بھی کریں، لیکن حکام نے انھیں بتایا ایسا نہیں کیا جائے گا۔

جمعے کو وزیرِ اعظم کے دفتر سے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان نہیں جاری کیا گیا کہ وہ اپنا دورہ مختصر کر کے واپس کیوں آ رہے ہیں، تاہم ترکی کے ایک نجی خبر رساں ادارے ’دوگان‘ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم محمد علی کی آخری تقریبات کے منتظمین سے خفا تھے کہ انھوں نے ان کے تابوت پر خانہ کعبہ کے غلاف کا ٹکڑا رکھنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق منتظمین نے ترکی کے سب سے بڑے عالم کو تقریب میں قرآن کی تلاوت کرنے سے بھی منع کر دیا تھا۔

خبر رساں ادارے کا مزید کہنا تھا کہ پروگرام کے مطابق آخری تقریب میں دیگر رہنماؤں اور مشہور شخصیات کے علاوہ ترک وزیِر اعظم اور اردن کے شاہ عبداللہ نے بھی محمد علی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرنا تھا، لیکن آخری وقت میں جب دو دیگر مقررین کو اس فہرست میں شامل کیا گیا تو ان دونوں رہبماؤں کے نام فہرست سے نکال دیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ لوئی ول میں منعقدہ تقریب میں مسلمان، عیسائی، یہودی اور دیگر لوگوں نے شہری حقوق کے لیے محمد علی کی جدوجہد کو یاد کیا جب کہ امریکی صدر براک اوباما کے پیغام کو پڑھ کر سنايا گيا۔

اوباما نے محمد علی کی ’اوریجنلیٹی‘ کی تعریف کی اور انھیں اس دور کا ’عظیم ستارہ بتایا جو کہ سچا اور انتہائی بااثر‘ تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close