اسلام آباد

بجلی کی اووربلنگ کیخلاف تحریک انصاف کے ایم این اے کا انوکھااحتجاج

اسلام آباد: بجلی کی اووربلنگ کیخلاف تحریک انصاف کے ایم این اے کا انوکھااحتجاج، اسمبلی میں بجلی کے بلوں کا ہار اور ٹوپی پہن کر آئے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے ساجد نواز کے احتجاج کو ٹوپی ڈرامہ قرار دے دیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے الفاظ کارروائی سے حذف کروا دئیے۔ ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت جاری قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ساجد نواز گلے میں بجلی کے بلوں کا ہار لٹکا کر ایوان داخل ہوئے۔ انہوں نے بجلی کے بلوں کی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔ ایم این اے ساجد نواز کا کہنا تھا کہ بجلی کے جعلی بل بھیجے جاتے ہیں ایسے میٹر جو ہیں ہی نہیں ان کے بل بھی آجاتے ہیں۔

ساجد نواز نے کہا کہ انہوں نے اپنے گلے میں 2 کروڑ روپے کے بلوں کا ہار پہن رکھا ہے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے ایم این اے ساجد نواز کے احتجاج کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں یکساں نظام نافذ ہے اور کہیں بھی اوور بلنگ نہیں ہو رہی۔ بجلی مفت خوروں کیلئے نہیں ہے یہ ملک ان لوگوں کیلئے ہے جو بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں یہ ٹوپی ڈرامے نہیں چلے گا، بل دیں گے تو بجلی ملے گی ورنہ نہیں۔ عابد شیر علی نے ساجد نواز کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ ڈرامہ وہ بھی کرسکتے ہیں، یہ قانون ساز ہیں، انہیں چوروں کاساتھی نہیں ہوناچاہیے۔ تحریک انصاف کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر نے عابد شیر علی کے الفاظ کارروائی سے حذف کروا دئیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close