پہاڑ کی ملکیت کا تنازعہ، 2 قبیلوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 افراد جاں بحق، 12 زخمی
جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں پہاڑ کی ملکیت پر کرے خیل اور دوتانی قبائل کے درمیان خون ریز تصام کے نتیجہ میں جرگہ رہنما سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 12 شدید زخمی ہوگئے، دونوں قبائل نے ایک دوسرے کے خلاف مورچے سنبھالے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کے مورچوں پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ سرکاری زرائع کے مطابق تحصیل وانا کے علاقہ چینہ خو میں پہاڑ کی ملکیت پر وزیر قبائل کی زیلی شاخ کرے خیل اور دوتانی قبائل کے درمیان پہاڑی کی ملکیت پر کافی عرصہ سے تنازعہ چل رہا تھا۔ پہاڑ کی ملکیت کے حوالے سے دونوں قبیلے دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ ان کی ملکیت ہے تاہم ان کے درمیان فیصلہ نہ ہوسکا جس کی وجہ سے گزشتہ روز دونوں قبیلوں نے ایک دوسرے کے خلاف مورچے سنبھال لئے اور ایک دوسرے کے مورچوں پر فائرنگ شروع کردی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں قبیلوں کے درمیان خون ریز تصام کے نتیجہ میں 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو کٹیگری ڈی ہسپتال توئے خلہ اور ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ نے دونوں قبائل کے درمیان فائرنگ بندی کے لئے غیر جانبدار وزیر قبائل اور سلیمان خیل قبائل پر مشتمل جرگہ چینہ خو بھیجا تھا جن کی گاڑی راستے میں دونوں فریقین کے مابین ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں جرگہ کا ایک رکن جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر مارٹر گولے بھی فائر کئے جارہے ہیں اور جرگہ مشران کی گاڑی بھی مارٹر گولے کی زد میں آئی تھی۔