سوات میں پولیس موبائل پر حملے میں تین اہلکار زخمی
ضلع سوات میں حکام کے مطابق شدت پسندوں کے حملے میں ایک سب انسپکٹر سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد حکام کے مطابق پولیس کے سرچ آپریشن میں تین شدت ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق منگل کی صبح یہ واقعہ تحصیل کبل کے علاقے توتانوبانڈئی میں پیش آیا۔
زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ایس آئی رفیع اللہ ، عزیز الرحمان اور جہانگیر شامل ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔
اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے قبول کی ہے۔
سوات سے صحافی سید انور شاہ کے مطابق کبل میں پولیس کے انسداد دہشت گردی شعبے کے ایک اہلکار ایاز نے بتایا کہ واقعے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
اہلکار کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک ہوگئے تاہم حکام نے ان کی شناخت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی منگلور پولیس موبائل پر بھی شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔
حالیہ چند دنوں سے بونیر سمیت سوات اور دیگر محلقہ علاقوں میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس میں امن کمیٹیوں کے اراکین اور پولیس اہلکار نشانہ بن رہے ہیں۔