ہم نے ایٹم بم بنانے کی فیکٹری تباہ کردی‘ اسرائیل نے اعلان کرکے پوری دنیا میں کھلبلی مچادی
گزشتہ کچھ عرصے میں اسرائیل کئی بار شام میں حملے کر چکا ہے اور اب اس نے وہاں ایک ایسی چیز تباہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے کہ جان کردنیا میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے 6ستمبر 2007ءمیں شام میں حملہ کرکے وہاں قائم کیا گیا ایٹمی ری ایکٹر تباہ کر دیا تھا۔ یہ ایٹمی ری ایکٹر شمالی کوریا کی مدد سے شام کے مشرقی شہر دیر الزور (Deir al-Zor)کے قریب بنایا گیا تھا۔اسرائیلی فوج کی طرف سے کچھ خفیہ دستاویزات افشاءکی گئی ہیں جن میں تصاویر، ویڈیوز اور خفیہ ایجنسیوں کے کاغذات شامل ہیں۔ ان میں شامل تصاویر اور ویڈیوز ان جنگی جہازوں کے کاک پٹ سے بنائی گئیں جنہوں نے 2007ءمیں حملہ کرکے ری ایکٹر تباہ کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یہ ایٹمی ری ایکٹرتیاری کے آخری مراحل میں تھا اور تباہ نہ کیا جاتا تو چند ماہ میں یہ متحرک ہو جاتا اور وہاں ایٹم بموں کی تیاری شروع ہو جاتی۔اسرائیل کے وزیر برائے انٹیلی جنس اسرائیل کاٹز کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس حملے کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ”2007ءکا یہ کامیاب آپریشن ایران کے لیے بھی ایک وارننگ ہے۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہم ان ہاتھوں میں کبھی ایٹم بم نہیں آنے دیں گے جو اسرائیل کو مٹانے کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں۔ تب شام پر حملہ کیا تھا، اب ہم ایران کو متنبہ کر رہے ہیں۔“