ریس تھری کے ایکشن سین شوٹ کرانا جیکولین کو مہنگے پڑگئے
بولی وڈ کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ یقینا فائٹ، سسپینس اور ایکشن کا بہترین امتزاج ہے، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ایکشن تھرلر فلم کی شوٹنگ اس وقت ابوظہبی میں جاری ہے، جہاں نہ صرف بولی وڈ سلطان سلمان خان بلکہ ’ایک دو، تین‘ پر ڈانس دکھانے والی جیکولین فرنانڈس بھی ایکشن سین شوٹ کروانے میں مصروف تھیں، مگر اب وہ کچھ دن تک آرام کریں گی۔
جی ہاں، ایکشن سین شوٹ کروانا جیکولین فرنانڈس کو مہنگا پڑ گیا اور وہ جسم کے انتہائی حساس اور نازک عضو کو زخمی کروا بیٹھیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کے دوران جیکولین فرنانڈس کو آنکھ میں چوٹ لگی، جس وجہ سے انہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق جیکولین فرنانڈس کا مقامی ہسپتال میں ابتدائی علاج کرنے کے بعد انہیں فارغ تو کردیا گیا، تاہم انہیں چند دن تک مسلسل ہپستال آنے کی ہدایت کی گئی۔
فلم کے پروڈیوسر رومیو ڈی سوزا نے بھی جیکولین فرنانڈس کی آنکھ میں زخم لگنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں معمولی چوٹ لگی۔
ریمیو ڈی سوزا کے مطابق جیکولین فرنانڈس فلم میں اسکاش کھیلنے کے سین شوٹ کروانے کے دوران زخمی ہوئیں۔
اطلاعات ہیں کہ جیکولین فرنانڈس کچھ دن آرام کرنے کے بعد ہی فلم کی ٹیم کو جوائن کریں گی۔
واضح رہے کہ ’ریس تھری‘ میں جیکولین فرنانڈس کئی ایکشن مناظر دکھاتی نظر آئیں گی، انہوں نے فلم کے لیے خصوصی طور پر مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے‘ کی بھی تربیت لی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ وہ فلم میں حریفوں کے سامنے مارشل آرٹ کے کرتب دکھاتی نظر آئیں گی۔
فلم میں جیکولین فرنانڈس کے علاوہ ڈیزی شاہ، سلمان خان، بوبی دیول اور ثاقب سلیم سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
یہ فلم ’ریس‘ سیریز کی تیسری فلم ہے، اس سے قبل دونوں فلموں میں مرکزی کردار سیف علی خان نے ادا کیے تھے، تاہم اس بار ان کی جگہ سلمان خان نے لی ہے۔
جیکولین فرنانڈس مسلسل دوسری بار اس فلم کی سیریز میں نظر آ رہی ہیں۔
فلم کو رواں برس 15 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں جیکولین فرنانڈس کا حال ہی میں ایکشن تھرلر فلم ’باغی 2‘ کا آئٹم گانا ’ایک، دو، تین‘ بھی ریلیز ہوا ہے، جس پر قدرے فحش ڈانس کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
اس گانے پر پہلی بار1985 میں آنے والی بولی وڈ فلم ’تیزاب‘ میں مادھوری ڈکشٹ نے پرفارمنس کی تھی، جسے اب ریمیک کرکے ’باغی 2‘ میں شامل کیا گیا ہے۔