پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
کراچی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 82 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بابراعظم اور حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر اور چاڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کی طرح محمد نواز نے ایک بار پھر ابتدائی اوورز میں وکٹ حاصل کرکے مخالف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا، فلیچر صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پچھلے میچ میں جلدی پویلین لوٹ جانے والے والٹن نے اس میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے لیکن وہ 29 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار بنے۔ مارلن سیموئل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن بقیہ رن ریٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے جیسے ہی انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ، وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور صرف 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان جیسن محمد اور رامدین نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور بالترتیب 15 اور 21 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ کپتان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد کیمو پال نے 17 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا اور وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کی وکٹیں گرتی رہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر نے 3، حسین طلعت اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ محمد نواز اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے والے فخرزمان دوسرے ہی اوور میں پویلین واپس لوٹے گئے، وہ صرف 6 رنز بناسکے۔
پہلی وکٹ جلدی گرجانے کے بعد پچھلے میچ کے مین آف دی میچ طلعت حسین نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ دکھا کر اپنا لوہا منوایا، انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے نہ صرف 119 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی بلکہ ٹیم کا اسکور بورڈ بھی تیزی سے آگے بڑھایا۔اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم حسین طلعت 14ویں اوور میں 41 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
حسین کے پویلین لوٹ جانے کے بعد ایک اور نوجوان بلے باز آصف علی کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن وہ متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ایک ہی چھکا لگانے کے بعد 14 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابراعظم جو پچھلے میچ میں زیادہ اچھکا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے تھے اس بار مکمل فارم میں دکھائی دیے اور گراؤںڈ کے چاروں اطراف بہترین شارٹس کھیلے، اس دوران انہوں نے ولیمس کو بلندوبانگ چھکا بھی رسید کیا لیکن بدقسمتی سے وہ صرف 3 رنز کی کمی سے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 97 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 204 رنز کا ہدف دینے کے بعد 60 رنز پر ہی آؤٹ کردیا تھا۔