آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایاجارہا ہے
اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی اور تشدد کی مذمت کیلئے آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایاجارہا ہے۔پاکستان وز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے گزشتہ چند روز سے ظلم و بربریت کی انتہا کررکھی ہے۔ مختلف واقعات میں بھارتی فوج چار روز کے دوران 20 بے گناہ و معصوم کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کرچکی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم کے خلاف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں اور سینئر قیادت کی جانب سے سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جب کہ اس حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت 3 اپریل کو اسلام آباد میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیاگیا جس میں 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا گیا تھا، اس کے علاوہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی تھی۔
اسی سلسلے میں آج ملک بھرمیں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جے یو آئی، جماعت اسلامی، شیعہ علماء کونسل، جموں و کشمیر موومنٹ نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کی کال دے رکھی ہے، جب کہ نماز جمعہ کے بعد مختلف سیاسی و مذہبی تنظیمیں احتجاجی مظاہرے کریں گی۔