بھارت، اسرائیل اور امریکہ کی منحوس تثلیث کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل وقت کی اہم ضرورت
آزادی کشمیر و فلسطین ریلی اس امر کا اظہار ہے کہ ہم مظلوموں کے حامی ہیں اور یہ ریلی اتحاد امت کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگی جس میں تمام دینی جماعتیں شرکت کریں گی۔ بھارت، اسرائیل اور امریکہ مل کر دنیا کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں، یہ وقت ہے کہ دنیا کے مسلمان متحد ہو کر اس منحوس تثلیث کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنماؤں نے نیشنل پریس کلب میں پریس بریفنگ دیتے ہوئےکیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما میاں محمد اسلم نے کہا کہ ایک جانب کشمیری مسلمان بھارتی پیلٹ گنوں کا شکار ہیں اور دوسری جانب فلسطینیوں پر سنائپر تعینات کیے گئے ہیں۔ ہمارے ہمسائے میں امریکہ افغان بچوں کو بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اور پاکستان کے عوام کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ظلم پر خاموش نہ رہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اسی سلسلے میں ایک احتجاجی ریلی ۱۳ اپریل بروز جمعہ آبپارہ چوک، اسلام آباد سے نکالی جائے گی، جس میں کونسل میں شریک تمام جماعتوں کے قائدین اور کارکنان نیز عام شہری شرکت کریں گے۔ پریس بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ واحدی نے کہا کہ یہ احتجاج فقط دینی و مذہبی جماعتوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم اور ملک کے سربراہان کو بھی اس احتجاج میں ہمارا ساتھ دینا چاہیئے۔ کشمیری، فلسطینی اور افغان مسلمانوں پر ہونے والا ظلم ہمیں متحد ہو کر لائحہ عمل بنانے کی جانب دعوت دیتا ہے۔ وقت ہے کہ دنیا کے مسلمان باہم شیر و شکر ہو کر اپنے مشترکہ دشمن کو شناخت کریں۔
پریس بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ آزادی کشمیر و فلسطین ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ کونسل میں شامل تیس جماعتیں اس ریلی میں بھرپور شرکت کریں گی، تشہیری مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، عوامی رابطہ مہم بھی زو ر و شور سے جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ریلی مظلوم کشمیری، فلسطینی اور افغان مسلمانوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ اتحاد و وحدت کا عظیم مظاہرہ ہو گی۔ پریس بریفنگ سے قبل کونسل کی رکن جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا، جس میں تنظیم اسلامی، تحریک منہاج القرآن، جماعت اسلامی، اسلامی تحریک، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی )، تحریک جوانان پاکستان، جماعت اہل حرم، اتحاد علمائے پاکستان، آل پارٹیز حریت کانفرنس، امامیہ آرگنائزیشن کے مرکزی عہدیداران اور راہنماؤں نے شرکت کی۔ پریس بریفنگ میں مفتی گلزار احمد نعیمی، مفتی عامر شہزاد، مولانا عبد الجلیل نقشبندی، عبد اللہ گل، میر وائز ترین، کاشف چوہدری، تنویر تنولی، علامہ سبطین شیرازی، علامہ قاسم جعفری، طاہرعباس اور دیگرمرکزی و صوبائی اور ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔