پنجاب

نواز شریف کی تاحیات نااہلی، فیصلے پہ سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے لئے اڈیالہ جیل کی صفائی کرا رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی جب بھی حکومت آئی غریبوں بالخصوص کسانوں کا برا حال ہوا، ادارے تباہ کر دیئے گئے۔ پنجاب میں 10 سال میں ایک اسپتال نہیں بنایا گیا، نواز شریف، شہباز شریف اور بیگم نواز لندن سے علاج کراتے ہیں جب کہ لاہور کے اسپتالوں میں ایک ایک بستر پر پانچ پانچ مریض پڑے ہوتے ہیں۔ سندھ میں بھی گنے کے کاشتکار رو رہے ہیں، شوگر ملوں سے پیسے لینے کے لئے کسانوں کو برسوں اتنظار کرنا پڑتا ہے، ملکی ترقی کے لئے کسانوں و کاشت کاروں پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے لیکن یہاں چھوٹے میاں اور بڑے میاں مل کر 300 ارب کی چوری کرتے ہیں اور بیرون ملک بھجوا کر پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے بھی جیل میں 8 دن گزارے لیکن مجھے ایک بھی بڑا ڈاکو نہیں ملا، سب غریب چور تھے اور دوسری جانب قوم کا پیسہ چوری کرنے والے بڑے و طاقتور ڈاکوؤں کو پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ ماضی میں سپریم کورٹ ہمیشہ طاقتور کے ساتھ رہا، لیکن تاریخ میں پہلی بار ایک طاقتور کے خلاف فیصلہ دیا جس پر سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب سنا ہے کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کی جارہی ہے کیوں کہ ایک بڑا ڈاکو آ رہا ہے، شہبازشریف اڈیالہ جیل کی صفائی اپنے بڑے بھائی کے لئے کرارہے ہیں، اور اگلی باری خواجہ آصف کی ہے، سپریم کورٹ کے یہی فیصلے نیا پاکستان بنارہے ہیں۔ ہم تمام کرپٹ عناصر کے خلاف ہیں، بڑے منی لانڈرر، شریف خاندان اور آصف زرداری بھی اس فہرست میں شامل ہیں اور ان سب کے خلاف ہماری جنگ ہے، چھوٹے میاں صاحب سے پوچھتا ہوں کہ قوم کو کیا پیغام دے رہے ہیں، وہ نوجوانوں کو کہتے ہیں کہ چھوٹی چوری کرو گے توزیادہ مار پڑے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close