بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم منانے پاکستان آئےبھارتی سکھ یاتری آج واپس لوٹ گئے ہیں تاہم اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان سے شادی کرنیوالی بھارتی خاتون کو واپس نہیں بھیجا گیا ہے۔
1700 کے قریب بھارتی سکھ یاتریوں کولاہورریلوے اسٹیشن سے اسپیشل ٹرین کے ذریعے بھارت روانہ کیا گیا، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر، ڈپٹی ڈائریکٹرشرائن عمران خان ، سردارتارا سنگھ اوربشن سنگھ سمیت دیگررہنماؤں نے بھارتی مہمانوں کوالوداع کیا، بھارتی سکھ یاتریوں کو خاص سروپے اورتحائف دے کررخصت کیا گیا۔سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار گورمیت سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان حکومت، ای ٹی پی بی اور عوام کا شکریہ اداکیا، ان کا کہنا تھا پاکستان ان کا دوسرا گھرہے، وہ جب بھی یہاں آتے ہیں ڈھیروں پیار اورخوشیاں لیکرواپس جاتے ہیں، بھارتی خاتون کے اسلام قبول کرنے اورپاکستانی نوجوان سے شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا یہ اس خاتون کرن بالا کا ذاتی معاملہ ہے، اب حکومت پاکستان نے اس کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کا کہنا ہے کرن بالا ( آمنہ ) نے کیونکہ پاکستانی شہریت اور ویزا میں توسیع کےلیے وزارت داخلہ کو درخواست دے رکھی ہے جب تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوتا اس خاتون کو یہاں رہنے کی اجازت دی جائے گی، انہوں نے توقع ظاہرکی کہ بھارت بھی پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کریگا،بھارتی سکھ یاتری 12 اپریل کو پاکستان آئے تھے۔