لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لندن ہیتھرو ائیرپورٹ سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ لندن میں اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز ہیتھرو ائیرپورٹ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، نواز شریف غیرملکی ائیرلائن کی پرواز کیو آر 632 سے رات ایک بج کر پینتالیس منٹ پر بینظیر ایئرپورٹ پہنچیں گے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں اور کچھ ہی دیر میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے جب کہ وطن پہنچ کر عدالت میں پیش ہوں گے۔واضح رہے کہ اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے منگل کے روز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نواسی ماہ نور کے ہمراہ لندن گئے تھے، شریف خاندان کی جانب سے احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست بھی دائر کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی تھی۔