سندھ

رئیس مما کے انکشافات، کتنے پولیس والوں کو قتل کیا، جان کر آپ حیرت سے ششدر رہ جائیں

متحدہ قومی موومنٹ لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر اور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما نے تفتیش کے دوران تمام راز اگل دیئے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرپول کی مدد سے گرفتار کئے گئے ایم کیو ایم لندن کے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما نے دورانِ تفتیش بہت سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ ملزم کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹارگٹ کلر رئیس مما نے ساتھیوں کی مدد سے 59 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ ملزم اغوا برائے تاوان، لینڈ گریبنگ، چائنہ کٹنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ تمام احکامات لندن قیادت کی جانب سے دیئے جاتے تھے، 1997ء میں سٹی گورنمنٹ میں گریڈ 16 کی نوکری دلوائی گئی، 2008ء میں کورنگی کا سیکٹر انچارج بنایا گیا، 2010ء میں حماد صدیقی نے تمام سیکٹر انچارجز کو خورشید میموریل ہال طلب کیا، حماد صدقی اور متحدہ قیادت نے تمام سیکٹر انچارجز کو مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کے لئے ٹیمیں بنانے کا حکم دیا، کورنگی سیکٹر کے ماتحت یونٹوں پر مشتمل 9 ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم تشکیل دی گئیں اور مجھے کورنگی سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج بنایا گیا، ٹیم میں 10 ٹارگٹ کلرز تھے جن میں جنید بلڈاگ، خرم رضا عرف بابو بلتی، عقیل، کاشف، ذاکر ٹویا، جاوید، عتیق عرف اتو، عبید، آصف دمبہ، عالم، شریف مورچہ، شاہد جاپانی، اعظم گنجا اور دیگر شامل تھے۔ کورنگی سیکٹر کے ایک کمرے میں ٹارچر سیل بھی بنایا گیا تھا جہاں مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور تشدد سے مرجانے والے مخالفین کی لاشیں مختلف علاقوں میں پھینک دی جاتی تھیں۔

رئیس مما نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا کہ 12 مئی 2007ء کو شارع فیصل بلوچ کالونی پل پر ساتھیوں کے ہمراہ جدید ہتھیاروں سے کھڑی بسوں پر فائرنگ کی جس میں 8 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے، 2010ء میں ضیاء کالونی میں اے این پی کے ساتھ تصادم میں 2 افراد ہلاک ہوئے، 11 دسمبر 2010ء میں اپنے ساتھوں کے ہمراہ منشیات فروش ملکہ نور جہاں کو قتل کیا، 2010ء میں ہی پی ایم ٹی کالونی میں چائنا کٹنگ کے تنازع پر جئے سندھ کے 4 کارکنان کو قتل کیا، 19 اگست 2011ء میں بانی متحدہ کی تصوپر پھاڑنے پر کورنگی میں مسافر کوچ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے، 4 نومبر 2011ء کو حماد صدیقی نے کہنے پر ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد سے جیل میں ملنے والے 5 رہنماؤں کو شہید ملت روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا، 27 دسمبر 2013ء کو کورنگی میں کے ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالجبار منگی کو قتل کیا، مقتول عبدالجبار منگی کورنگی میں چائنہ کٹنگ کے پلاٹس پر متحدہ کارکنان کی تعمیرات مسمار کر رہا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close