ایشیا ئی ملک کے بڑ ے علاقے پر داعش نے قبضہ کر لیا،اپنی ایک اور ریاست قائم کرنے کا اعلان کر دیا
منیلا: شام و عراق میں برسرپیکار شدت پسند تنظیم داعش طویل عرصے سے فلپائن میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی تھی۔ اسے وہاں ایسی کامیابی مل گئی ہے جس نے مغربی ممالک کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ جریدے لانگ وار جرنل کی رپورٹ کے مطابق داعش نے فلپائن میں اپنی ریاست قائم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم سالوں سے ملک میں لڑ رہی تھی اور مختلف مقامی شدت پسند گروپوں کی وفاداری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی جس میں اب وہ کامیاب ہو گئی ہے۔ داعش کی فلپائنی تنظیم کی طرف سے گزشتہ روز ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں فلپائن کے اندر اپنی ریاست قائم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ ویڈیو بھی بالکل اسی انداز میں بنائی گئی ہے جس طرح کی ویڈیوز اس سے قبل شام و عراق میں لڑنے والی مرکزی تنظیم کی طرف سے منظرعام پر آتی رہی ہیں۔ ویڈیو کے آغاز میں فلپائن کی مقامی شدت پسند تنظیم ابوسیاف گروپ کے سینکڑوں شدت پسندوں کو دکھایا گیا ہے۔ اس گروپ نے داعش کے ساتھ وفاداری کی بیعت کر لی ہے۔ داعش کے ساتھ بیعت کرنے والی دیگر فلپائنی شدت پسند تنظیموں میں جند التواحید، انصرالشریعہ اور معرکہ الانصر و دیگر شامل ہیں۔ ہیپیلون نامی شدت پسند کو داعش فلپائن کا امیر مقرر کیا گیا ہے۔ ہیپیلون ابو عبداللہ الفلپینی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ویڈیو کے ایک حصے میں شام کے شہر رقہ میں موجود فلپائنی شدت پسندوں کو دکھایا گیا ہے۔ اس نے بھی فلپائن میں داعش کی ریاست قائم ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل داعش نے افغانستان و دیگر ایشیائی ممالک میں موجودگی تو ظاہر کی ہے مگر فلپائن وہ پہلا ایشیائی ملک ہے جہاں شدت پسند تنظیم نے اپنی ریاست قائم ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔