گردوں کی بیماری کی وہ علامات جو آپ کو ضرور معلوم ہونی چاہیے
گردوں کی بیماری کی وجہ سے انسان کی زندگی اجیرن ہوجاتی ہے اور گردوں کی مکمل خرابی کی وجہ سے زندگی کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے۔آئیے آپ کو گردوں کی بیماری کی کچھ ایسی علامات بتاتے ہیں جنہیں جان کر آپ بڑے نقصان سے بچ سکتے ہیں۔
تھکاوٹ اور کسی چیز کو توجہ سے کرنے میں دشواری
گردوں کا کام جسم میں چھلنیوں کا ہے اور اگر یہ خون کو صحیح طریقے سے فلٹر نہ کریں تو فاسد مادے خون میں اکٹھے ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے انسان تھکاوٹ محسوس کرنے کے ساتھ کسی بھی چیر پر توجہ مرکوز کرنے پر مشکلات محسوس کرتا ہے۔اگر ایسی کوئی علامت آپ کو نظر آئے توفوری طور پر اپنے گردے چیک کروائیں۔
سونے میں دشواری
خون میں فاسد مادے اکٹھے ہونے کی وجہ سے تھکاوٹ ہونے لگتی ہے اور اس کی اثر نیند پر بھی پڑتا ہے ۔رات کو سونے میں دشواری ہوتی ہے اور پرسکون نیند ایک خواب بن جاتی ہے۔
خون کی کمی
ہمارے گردے ایک ہارمونEPOخارج کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا بون میرو خون کے سرخ خلیے بناتا ہے لیکن اگر گرے صحیح طرح سے کا م نہ کریں تو ہارمون کااخراج بند ہوجاتا ہے اور جسم میں خون کی کمی واقع ہونے لگتی ہے۔
خشک جلد اور خارش
خون میں منرلز کی مقدار اور تناسب گردوں کی خرابی کی وجہ سے خراب ہوجاتی ہے اور نتیجہ کے طور پر جلد خشک ہوکر اس پر خارش ہونے لگتی ہے۔
بہت زیادہ پیشاب کی حاجت
اگر آپ کے گردے صحیح طرح کام نہیں کررہے تو آپ کو بہت زیادہ پیشاب کی حاجت بھی محسوس ہوگی اور بار بار غسل خانہ جانے کی ضرورت پیش آئے گی۔
پیشاب کی رنگت میں تبدیلی
اگر پیشاب کا رنگ تبدیل ہوجائے یعنی بہت زیادہ سرخ،پیلا یا براﺅن ہونے لگے تو یہ بھی ایک تشویشناک بات ہے۔
جسم پر سوجن اور پٹھوں میں درد
چونکہ جسم میں فاسد مادے اکٹھے ہورہے ہیں لہذا جسم میں سوجن ہونے لگتی ہے۔بالخصوص جوڑوں پر سوجن آجائے گی اور ساتھ ہی پٹھوں میں درد ہونے لگے گا۔