تحریک لبیک نے بھی ڈاکٹر قدیر خان کو نگران وزیراعظم مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا
لوہور: جماعت اسلامی کے بعد تحریک لبیک نے بھی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو نگران وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک غیر متنازعہ اور نظریاتی و محب وطن پاکستانی ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہی وہ واحد شخصیت ہیں جن پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اعتماد ہے۔
لاہور ملک بھر سے آتے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ حافظ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018ء وطن عزیز پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ان الیکشن کے نتائج پر ہی پورے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، الیکشن 2018ء کیلئے نگران حکومتیں بنانے کیلئے انتہائی ایمانداری اور غیر جانبدار لوگوں کی ضرورت ہے تاکہ 2018ء الیکشن مثالی ثابت ہوں۔ تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر سے الیکشن 2018ء کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں جن کی آخری تاریخ 11 جون مقرر کی گئی ہے۔