نائیجیریا کی مسجد میں دو دھماکوں سے 24 نمازی شہید، دھماکے کس نے کئے ،، جان کر ۔۔۔۔
شمالی نائیجیریا کی ریاست عداموا کی ایک مسجد میں دو دھماکوں کے نتیجے میں 24 نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدت پسند تنظیم بوکوحرام کا گڑھ کہلائے جانے والے علاقے موبی بور کی ایک مقامی مسجد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے، مسجد میں دو زور دار دھماکوں سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ریاستی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نماز ظہر کی ادائیگی کے دوران دو دھماکے کیے گئے، پہلا دھماکا مسجد کے اندر ہوا اور جب نمازی افراتفری کے عالم میں جان بچا کر باہر نکل رہے تھے کہ اس دوران دوسرا دھماکا ہوگیا۔حکام نے ابتدائی طور پر دھماکوں میں 24 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ متعدد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایک نوعمر لڑکے کو خودکش جیکٹ پہنے مسجد کے اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور مسجد کی چھت اڑ گئی۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات پر تسلسل سے حملے کیے جارہے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم بوکو حرام قبول کرتی آئی ہے۔