Featuredبلوچستان

صوبے میں شیعہ سنی مسئلہ نہیں، دہشتگرد ہمسایہ ملک سے آرہے ہیں، وزیراعلٰی بلوچستان

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت کا نعرہ لولی پاپ ہے۔ پانچ سالوں سے بلوچستان میں ترقی کی جو باتیں کی جا رہی ہیں، وہ صرف کاغذوں تک محدود ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کے اجلاس میں تین صوبوں کے بائیکاٹ کے باوجود بجٹ پیش کرنا، جمہوریت کی نفی اور صوبوں کو نظر انداز کرنے کی دلیل ہے۔ موجودہ وفاقی حکومت پنجاب میں اپنی نشستوں کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں بلوچستان سمیت دوسرے صوبوں کو نظر انداز کرتی آ رہی ہے۔ سی پیک میں بھی بلوچستان کو پورا حصہ نہیں مل رہا۔ صوبائی بجٹ عوام دوست ہو گا، جس میں صحت و تعلیم کو اولیت حاصل ہوگی۔ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں ہمسایہ ملک کا ہاتھ ہے۔ ٹارگٹ کلرز اور خود کش حملہ آورز وہیں سے تیار ہو کر آتے ہیں۔ بلوچستان میں شیعہ و سنی تنازعہ نہیں۔ نگراں وزیراعلٰی کا فیصلہ اپوشین سے مل کر کریں‌ گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری بحیثیت قبائلی نواب ہمارے کل بھی بڑے تھے اور آج بھی بڑے ہیں۔ یہ گھر ان کا ہے، بلکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ گھر ہم سب کا ہے۔ سیاسی معاملات اپنی جگہ، ہمارے درمیان احترام کا رشتہ ہمیشہ سے تھا اور رہے گا۔

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے جو فنڈز حاصل کئے گئے، بلوچستان کو پورا حصہ نہیں مل رہا۔ وفاقی حکومت پنجاب میں اپنی نشستوں کو مضبوط کرنے کی خاطر ملک کے وسائل کا زیادہ حصہ وہاں صرف کرکے دوسرے صوبوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ بلوچستان میں شیعہ سنی کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ کچھ بیرونی قوتیں بلوچستان میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کرکے دنیا کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہاں امن وامان اور فرقہ واریت کا مسئلہ ہے۔ مگر انہیں ان کے مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بلوچستان میں ہونے والے ٹارگٹ کلنگ و دوسرے واقعات میں ہمسایہ ملک ملوث ہے، جہاں خود کش حملہ آور اور ٹارگٹ کلرز تیار کرکے بلوچستان بھیجا جاتا ہے۔ ان کے ان عزائم کو ناکام بنانے میں ہماری سکیورٹی فورسز بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ اب تک صوبے میں بارہ سے زائد خودکش حملہ آور پکڑے گئے ہیں۔ کوئٹہ سیف سٹی کا افتتاح ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close