دفترخارجہ نے عبداللہ خان گلزار کی حتمی شناخت کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا
اسلام آباد :پاکستان نے مبینہ خودکش حملہ آور کے پاکستانی ہونے کے سعودی دعوے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سفارتی ذرائع نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب میں خودکش حملہ کے بعد پاکستان نے خودکش بمبار کے پاکستانی ہونے کے سعودی دعوے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ نے وزارت داخلہ اور دیگر اداروں سے رابطہ کرلیا ہے اور انہیں عبداللہ خان گلزار کے حوالے سے معلومات کی تصدیق کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ آیا عبداللہ خان گلزار حقیقت میں پاکستانی ہے بھی یا نہیں۔
دفتر خارجہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عبداللہ خان گلزار کی حتمی شناخت تک مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کل سعودی وزارت داخلہ نے دعوی کیا تھا کہ جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خود کو اڑانے والا خودکش بمبار عبداللہ خان گلزار نامی شخص پاکستانی تھا۔