سلمان خان کے نئے شو ’دس کا دم‘ کا ایک اور پرومو جاری
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے نئے شو ’دس کا دم‘ کے تیسرے سیزن کا ایک اور پرومو جاری کردیا گیا۔ بالی ووڈ سلطان سلمان خان کے نہ صرف اپنی دبنگ اداکاری کی وجہ سے جانے جاتے ہیں بلکہ وہ بھارت کے سب سے متنازعہ شو ’بگ باس‘ کی میزبانی میں بھی نام کماچکے ہیں اور اب ان کا پرانا شو ’دس کا دم‘ بھی تیسرے سیزن کے ساتھ واپس آرہا ہے جس میں وہ معروف شخصیات اور عام لوگوں کے ساتھ کوئز گیم کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
سلمان خان نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر’ دس کا دم ‘ کے تیسرے سیزن کا پرومو جاری کیا تھا جس میں وہ لڑکی سے سوال کرتے ہیں کہ کتنے فیصد بھارتی لڑکے لڑکیوں کو متاثر کرنے کے لئے انگریزی جھاڑتے ہیں اور ان کے اس پرومو کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
دبنگ اداکار نے اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ’دس کا دم‘ کے تیسرے سیزن کا نیا پرومو جاری کردیا ہے اور اسے پہلے پرومو سے بھی زیادہ پسند کیا جارہا ہے جس میں سلو میاں ایک لڑکے سے سوال کررہے ہیں کہ کتنے فیصد بھارتی شادیوں میں برائیاں نکالتے ہیں جب کہ سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ آرہا ہوں جلد دس کا دم واپس لے کر صرف سونی ٹی وی پر‘۔