عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ ظہر کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں ادا کی جائیگی
کراچی : : پیکرانسانیت و فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی مرحوم کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم میں بعد نماز ظہرادا کی جائے گی اور ان کی تدفین ایدھی ویلج سپر ہائی وے پر ہوگی.
تفصیلات کے مطابق عبد الستار ایدھی مرحوم کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم میں بعد نماز ظہر کے بعد ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین ایدھی ویلج سپر ہائی وے پر ہوگی،عبدالستار ایدھی کو غسل ان کے صاحبرادے فیصل ایدھی نےدیا،عبدالستار ایدھی کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کردی گئیں.
نیشنل اسٹیڈیم کےدوگیٹس وی وی آئی پیزاوردوگیٹ نمبر دو اور چار عوام کےلیے ہوں گے،جبکہ وی وی آئی پیزاورعام عوام کےلیےالگ الگ گیٹس کواستعمال کیاجائےگا،12بجے نیشنل اسٹیڈیم کے تمام گیٹس بندکردیے جائیں گے.
اس موقع پر چار سو سے زائد رینجرزاہلکار اسٹڈیم کے اندر اور باہر جبکہ پولیس اہلکاربھی اسٹیڈیم کے اندرتعینات ہیں،تاہم نیشنل اسٹیڈیم میں شہریوں کے داخلے سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈسرچنگ اورسوئپنگ کرےگا.
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف آنر اور سلامی دی جائے گی،پاک آرمی کے ترجمان کے مطابق عبدالستار ایدھی کو سرکاری اعزار کے ساتھ سپرد خاک کیا جائےگا.
ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے نیشنل اسٹیڈیم کادورہ کیا،اور عبدالستار ایدھی کے جنازے کے لیے کیے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا.
پیکر انسانیت عبدالستار ایدھی کی میت کو 12 بجے میٹھادار سے پاک بحریہ کے سیکورٹی حصار میں نیشنل اسٹڈیم میں پہنچایا جائے گا.
عبدالستارایدھی کی نمازجنازہ سے قبل حسن اسکوائرسے اسٹیڈیم جانیوالی سڑک بندکردی جائےگی تاہم پارکنگ ایکسپوسینٹر،پاکستان اسپورٹس کمپلکس،چائناگراؤنڈ اوربحریہ یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے.
محسن ِ انسانیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر سوگ میں کراچی اور حیدرآباد کے کاروبار بند رہیں گے.
یاد رہےگذشتہ روز عبدالستار ایدھی رضائے الہی سے انتقال کر گئے تھے،وہ طویل عرصے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے.
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں تیس سے پیتیس ہزارافرادکی گنجائش ہے تاہم جنازے میں شرکت کےلیے ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا امکان ہے.