امریکی خواہش ملکی قوانین پہ مقدم، قاتل کرنل جوزف نور خان ائیربیس سے امریکہ روانہ
پاکستانی شہری کو کچل کر ہلاک کرنے والا امریکی کرنل جوزف پاکستان سے امریکا روانہ ہو گیا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان شہری کو کچل کر ہلاک کرنے کے مرتکب امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو دفتر خارجہ کی جانب سے سفارتی استثنیٰ دے دیا گیا جس کے بعد وہ نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا روانہ ہو گئے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل جوزف کو ویانا کنونشن 1961ء کے تحت سفارتی استثنیٰ حاصل ہے، حادثے کے بعد پاکستانی حکام نے امریکا سے درخواست کی تھی کہ کرنل جوزف کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کیا جائے تاہم امریکا نے سفارتی استثنیٰ کو ختم نہیں کیا، جس پر اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرنل جوزف امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرنل جوز ف کے خلاف ویانا کنونشن کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی کرنل جوز ف نے امریکا جانے کی کوشش کی تھی اور انہیں لینے کے لیے ایک طیارہ آیا تھا تاہم ایف آئی اے دفتر خارجہ کی کلیئرنس نہ ہونے پر انہیں پاکستان چھوڑنے سے روک دیا تھا۔ سات اپریل کو کرنل جوزف نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب ٹریفک سگنل توڑا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار دو افراد سے ان کا تصادم ہوا۔ نتیجے میں عتیق بیگ نامی نوجوان موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس نے سفارتی استثنیٰ کے باعث کرنل جوزف کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔