Featuredاسلام آباد

ایران پہ پابندیوں کی مخالفت اور فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان کو گاڑی سے کچلنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل تھا اور وہ واپس چلے گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکی سفارتکار کرنل جوزف کے حوالے سے دیت کے معاملے کا علم نہیں ہے، انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل تھا اور وہ واپس چلے گئے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ 15 مئی منگل کو آزاد کشمیر کے علاقے تتہ پانی میں بھارت نے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک پاکستانی شہری شہید ہو گیا۔ گزشتہ روز بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایل او سی کی خلاف ورزی پر طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ رواں سال اب تک بھارتی فوج 1000 سے زائد مرتبہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزیاں کر چکی ہیں جس کے نتیجے میں 24 شہری شہید اور 107 سے زائد زخمی ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماؤں نے 19 مئی کو سری نگر کے لال چوک کی جانب مارچ کی کال دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے اندر بھی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، شوپیاں میں گزشتہ ماہ 40 سے زائد شہادتیں ہوئیں، بھارت دنیا کی نظر مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، فیض احمد فیض کی بیٹی منزہ ہاشمی کو بھارت بلا کر محصور کرنے اور خطاب نہ کرنے دینا قابل مذمت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی اندرونی سیاست میں اثرونفوذ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، بھارتی میڈیا پاکستان کے حوالے سے غیر معمولی طور پر فعال رہتا ہے۔ ترجمان نے امریکی سفارت خانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کرتا ہے، امریکی سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے پر ترکی نے او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید سوالات کے جوب دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان پاکستان اور چین کے درمیان امن اور یکجہتی پر مذاکرات بھی ہوئے، پاکستان ایران اور عالمی طاقتوں کے معاہدے کی حمایت اور ایران پر یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں، انڈونیشیا کے صدر کی پیشکش پر ہمارے علمائے کرام نے انسداد دہشت گردی پر انڈونیشیا میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت بھی کی، امریکا میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا ایگریما آ چکا ہے جانے کے پروگرام کا علم نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close